ملکوال کے 25 سالہ نوجوان کا عراق میں قتل، والدین کا حکومت سے مدد کا مطالبہ

منڈی بہاؤالدین (کیو این این ورلڈ/جنرل رپورٹر جنید طالب نوشاہی) ملکوال کے نواحی گاؤں بوسال کے رہائشی 25 سالہ پاکستانی نوجوان ریاست علی کو عراق میں نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر قتل کردیا، جبکہ واقعے میں اس کا بھائی آصف علی بھی شدید زخمی ہوگیا۔ مقتول کے والدین نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیر داخلہ سید محسن نقوی سے اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹے کی میت جلد از جلد پاکستان واپس لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور خاندان کی مالی و قانونی معاونت کی جائے۔

اہل خانہ کے مطابق ریاست علی عرصہ دراز سے عراق میں محنت مزدوری کرکے اپنے خاندان کی کفالت میں حصہ ڈال رہا تھا۔ تقریباً ایک ہفتہ قبل عراق میں نامعلوم افراد نے اسے مبینہ طور پر قتل کردیا، جبکہ واقعے میں اس کا بھائی آصف علی بھی شدید زخمی ہوگیا۔

مقتول نوجوان کے والدین کا کہنا ہے کہ وہ غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور بیرون ملک پیش آنے والے اس سانحے کے بعد اپنے بیٹے کی میت پاکستان واپس لانے کے اخراجات اور قانونی کارروائی کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

والدین نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیر داخلہ سید محسن نقوی سے اپیل کی ہے کہ عراق میں پاکستانی سفارتخانے اور متعلقہ حکام کے ذریعے ریاست علی کی میت وطن واپس لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

اہل خانہ نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ زخمی آصف علی کو ضروری طبی اور قانونی معاونت فراہم کی جائے اور واقعے کی مکمل تفصیلات معلوم کرنے کے لیے عراقی حکام سے رابطہ کیا جائے۔

مقتول کے والدین نے کہا کہ ان کے لیے یہ صدمہ انتہائی کربناک ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ حکومت فوری طور پر ان کی مدد کرے تاکہ بیٹے کی میت باعزت طریقے سے پاکستان لائی جاسکے اور وہ آخری رسومات ادا کرسکیں۔

اہل خانہ نے وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری نوٹس لینے اور متعلقہ پاکستانی سفارتی حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کرنے کی اپیل کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *