خیبر: کار ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹریٹ کی منتقلی پر رہنماؤں کو خراجِ تحسین

خیبر (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار نورحلیم آفریدی)پشاور رِنگ روڈ پر واقع فارم ہاؤس میں عوامی موٹرز سنٹر کی جانب سے آل پاکستان کار ڈیلر اینڈ سمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ کے اعزاز میں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

پروگرام میں بزنس کمیونٹی، سیاسی و سماجی شخصیات، فلاحی اداروں کے نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کے عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔

پروگرام میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے کرنل حاجی شربت خان آفریدی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ ڈی ایس پی سوالزار خان نے فارم ہاؤس آمد پر مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے آل پاکستان کار ڈیلر اینڈ سمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن کو مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر پشتخرہ عصمت اللہ وزیر، باڑہ سیاسی اتحاد کے ترجمان خان ولی آفریدی، سماجی شخصیات قاسم خان آفریدی، نواب گل آفریدی اور تراب علی خان نے ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ بالخصوص سینئر وائس چیئرمین حاجی صادق شاہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کاروباری میدان میں ایسوسی ایشن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے بانی چیئرمین حاجی بخت میر جان درانی کا حاجی صادق شاہ کو سینئر وائس چیئرمین کا عہدہ سونپنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے آل پاکستان ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹریٹ کی خیبر پختونخوا منتقلی پر رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ بانی چیئرمین نے سرحد چیمبر آف کامرس میں بزنس مین فورم کے پلیٹ فارم سے کار ڈیلرز کی نمائندگی کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر عصمت اللہ وزیر نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایسوسی ایشن کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

پروگرام میں بانی چیئرمین حاجی بخت میر جان درانی، سینئر وائس چیئرمین حاجی صادق شاہ، صوبائی صدر حاجی اسلام اور صوبائی جنرل سیکرٹری معاذ اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کار ڈیلر برادری کو متعدد مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے جن کے حل کے لیے ایسوسی ایشن مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ کار ڈیلرز کا کاروبار پاکستان میں روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے گزشتہ ہفتے وفاقی حکومت کے وزراء سے ملاقاتیں کیں۔ بجٹ کی تیاری کے موقع پر وفاقی حکومت ایسوسی ایشن کے رہنماؤں سے مشاورت کرتی ہے جس سے اس کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

شرکاء نے بہترین پروگرام کے انعقاد پر عوامی موٹرز سنٹر کے ڈائریکٹر اور سینئر وائس چیئرمین حاجی صادق شاہ اور ان کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔

پروگرام کے اختتام پر ایف سی کرنل حاجی شربت خان، بانی چیئرمین بخت میر جان درانی، ڈی ایس پی سوالزار خان، باڑہ سیاسی اتحاد کے ترجمان خان ولی آفریدی، ایس ڈی او باڑہ ڈاکٹر شیرزمان، خدمتِ خلق ویلفیئر سوسائٹی کے سینئر رہنما تراب علی خان، صوبائی صدر حاجی اسلام، صوبائی چیئرمین حاجی فتح خان اور دیگر شخصیات کو ایوارڈز پیش کیے گئے۔ قبائلی مشائخ کی جانب سے بانی چیئرمین اور سینئر وائس چیئرمین کو روایتی کلا لنگی بھی پہنائی گئی۔

عوامی موٹرز سنٹر کی جانب سے شرکاء کے لیے پرتکلف عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *