اوچ شریف (کیو این این ورلڈ /نامہ نگار حبیب خان) شمس کالونی میں پسند کی شادی کے بعد پیدا ہونے والے مبینہ گھریلو اور سابقہ مقدمہ بازی کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں محمد یونس جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں اس کی اہلیہ شمائلہ بی بی سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔
مقتول کے بھائی محمد یوسف ولد عبد الستار قوم چاچڑ سکنہ موضع چاچڑاں نے پولیس کو دیے گئے بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ اس کا بھائی محمد یونس شمس کالونی اوچ شریف میں رہائش پذیر تھا اور تقریباً چار ماہ قبل شمائلہ بی بی دختر محمد قاسم سکنہ موضع سونک بیلہ سے پسند کی شادی کی تھی۔
مدعی کے مطابق 20 ستمبر کو سہ پہر تقریباً 3 بجے وہ محمد ساجد اور نصیر عمر کے ہمراہ اپنے بھائی سے ملنے اس کے گھر پہنچا۔ گھر کا بیرونی دروازہ کھلا تھا جبکہ اندر سے شور کی آوازیں آرہی تھیں۔ اندر داخل ہونے پر شمائلہ بی بی اور محمد یونس کے درمیان تلخ کلامی جاری تھی۔ اسی دوران شمائلہ بی بی نے مبینہ طور پر 30 بور پسٹل سے محمد یونس پر فائر کردیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
مدعی کے مطابق اہل خانہ نے ملزمہ کو پکڑنے کی کوشش کی، تاہم وہ مبینہ طور پر دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئی۔ زخمی محمد یونس کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کے جسم پر کمر کے دائیں جانب اور پیٹ کے درمیانی حصے میں گولی لگنے کے زخم پائے گئے۔ لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کردیا گیا۔
مدعی نے الزام عائد کیا کہ واقعے میں شمائلہ بی بی کے علاوہ محمد ایاز، محمد الجاز اور ملک فدا حسین ولد گل محمد بھی مبینہ طور پر ملوث ہیں، جبکہ مقتول کا ان افراد کے ساتھ مقدمہ بازی کا تنازع چل رہا تھا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ نمبر 1127/26 قتل کی دفعات کے تحت درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ نامزد ملزمان کی گرفتاری اور مزید تفتیش جاری ہے۔