غلام رسول کورائی کے قتل کا معمہ پولیس نے حل کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) تھانہ سرحد کی حدود لنک روڈ قاضی واہ پر ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے قتل ہونے والے غلام رسول کورائی کے قتل کا معمہ پولیس نے حل کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق 12 اگست 2026 کو غلام رسول ولد اللہ داد کورائی کو دورانِ ڈکیتی فائرنگ کرکے زخمی کیا گیا تھا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ مقتول کے رشتہ دار غلام شبیر کورائی کی مدعیت میں کرائم نمبر 64/2026 کے تحت تھانہ سرحد میں درج کیا گیا۔

ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور قتل کے محرکات معلوم کرنے کے احکامات جاری کیے۔ پولیس نے مختلف زاویوں سے تفتیش اور تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے لیاقت ولد علی مراد پتافی، غلام مرتضیٰ ولد غلام سرور پتافی اور اعجاز ولد گل محمد پتافی کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف کرلیا ہے، جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے