خیبر (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار نورحلیم آفریدی) باڑہ: رنڑا ویلفیئر فاؤنڈیشن کمرخیل کے دسویں یومِ تاسیس کے موقع پر باڑہ پریس کلب میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں فاؤنڈیشن کی گزشتہ دس سالہ فلاحی و سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے سربراہ شبیر آفریدی اور فاؤنڈیشن کے کارکنان کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی بین الاقوامی اسپیشل ایبیلٹی کرکٹ کھلاڑی شیر علی آفریدی تھے، جبکہ نظامت کے فرائض معروف سماجی کارکن و مقرر عارف راہی نے انجام دیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ رنڑا ویلفیئر فاؤنڈیشن نے گزشتہ دس برسوں کے دوران دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے مختلف شعبوں میں قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔ فاؤنڈیشن کی جانب سے غریب، یتیم اور بے سہارا افراد کی مالی معاونت، مستحق مریضوں کے علاج معالجے میں تعاون، رنڑا روزگار اسکیم کے ذریعے روزگار کے مواقع کی فراہمی، تعلیم و تربیت کے فروغ، رمضان دسترخوان اور تیراہ کے متاثرین و آئی ڈی پیز کی معاونت سمیت مختلف فلاحی سرگرمیاں جاری رہی ہیں۔
فاؤنڈیشن کی جانب سے نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کا انعقاد، فوڈ پیکجز کی تقسیم اور مستحق خاندانوں میں کپڑے، جوتے اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی جیسے متعدد فلاحی منصوبے بھی انجام دیے گئے ہیں۔
دسویں یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب میں فاؤنڈیشن کے زیرِ کفالت سکول کے بچوں میں سکول بیگز جبکہ یتیم بچوں میں جوتے، کپڑے اور دیگر ضروری سامان بھی تقسیم کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرنے والوں میں کیپٹن (ر) محمد طاہر، معروف تعلیم دان امان اللہ امان، صدر عرفان اللہ، سہارا فاؤنڈیشن کے حامد آفریدی، فوکل پرسن تاج محمد، پی ٹی آئی پی کے 71 کے ترجمان محب اللہ، چیئرمین وی سی 43 عبدالمتین آفریدی، معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر حبیب شاکر، قاری قسمت، مولانا اسد اللہ حقانی، خلیل تنہا آفریدی، سینئر صحافی خیال مٹ شاہ آفریدی اور ممتاز لوکل کمنٹیٹر طارق آفریدی شامل تھے۔
مقررین نے رنڑا ویلفیئر فاؤنڈیشن کی دس سالہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے مستحق اور کمزور طبقات کی مدد ایک قابلِ قدر سماجی ذمہ داری ہے، جبکہ شبیر آفریدی نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران اس ذمہ داری کو تسلسل کے ساتھ نبھایا ہے۔
اس موقع پر عارف راہی نے رنڑا ویلفیئر فاؤنڈیشن کے قیام کے اغراض و مقاصد اور گزشتہ دس سال کے دوران انجام دی جانے والی فلاحی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن نے محدود وسائل کے باوجود معاشرے کے مختلف مستحق طبقات تک امداد پہنچانے کی کوشش کی ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی بین الاقوامی کھلاڑی شیر علی آفریدی نے رنڑا ویلفیئر فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے شبیر آفریدی اور ان کی ٹیم کو دادِ تحسین پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی فاؤنڈیشن کا بنیادی مقصد انسانیت کی خدمت ہونا چاہیے، جس میں تعلیم، صحت اور دیگر انسانی خدمات بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔
شیر علی آفریدی نے کہا کہ انسانیت کی خدمت صرف کسی ایک فاؤنڈیشن، ادارے یا سوسائٹی کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر باشعور اور صاحبِ استطاعت فرد کا فرض ہے کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق کسی نہ کسی شکل میں دکھی انسانیت کی خدمت کرے۔
انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی ترقی کا انحصار تعلیم کے فروغ پر ہے، جبکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں، خصوصاً کھیلوں کی جانب راغب کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شیر علی آفریدی نے رنڑا ویلفیئر فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے فاؤنڈیشن کے لیے 50 ہزار روپے نقد عطیہ دینے کا اعلان کیا، جبکہ رمضان دسترخوان کے لیے بھی 50 ہزار روپے بطور تعاون دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر کیپٹن طاہر آفریدی نے 50 ہزار، امان اللہ امان نے 10 ہزار جبکہ وی سی تودہ چینہ کے چیئرمین عبدالمتین آفریدی نے 20 ہزار روپے فاؤنڈیشن کو بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا۔
تقریب کے اختتام پر اجتماعی دعا کی گئی، جبکہ رنڑا ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سربراہ شبیر آفریدی کی گزشتہ دس سالہ فلاحی جدوجہد کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستحق، یتیم، غریب اور بے سہارا افراد کی مدد کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔