قبائلی روایات کے تحت جرگہ ممبران کی مفت خدمات جاری

لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/ بیورورپورٹ) لنڈی کوتل تحصیل میں جرگہ ممبران کی انتھک محنت اور قبائلی روایات کی پاسداری کے باعث گزشتہ تین ماہ کے دوران مختلف نوعیت کے 120 سے زائد تنازعات کامیابی سے حل کر دیے گئے۔ مقامی سطح پر قائم اس جرگہ کے ممبران کئی سال سے بغیر کسی فیس یا معاوضے کے زمینوں کے جھگڑے، مستورات، لین دین، ٹرانسپورٹ اور مسیحی برادری سے متعلق معاملات خوش اسلوبی سے حل کر رہے ہیں۔

جرگہ ممبران قاضی عبدالھادی شینواری، ارشاد شاہ شینواری، سب انسپکٹر ارشاد خان اور سب انسپکٹر شامعین کا کہنا ہے کہ قبائلی معاشرے میں جرگہ ایک قدیم روایت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انضمام کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں غریب اور متوسط طبقے کے افراد وکلا کی بھاری فیسیں برداشت نہیں کر سکتے، اسی لیے بغیر کسی لالچ کے ان کے مسائل حل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ابتدائی کامیابیوں کے بعد عوام کا اعتماد بحال ہوا اور اب سالوں پرانے پیچیدہ مسائل بھی جرگہ کے ذریعے حل ہو رہے ہیں۔

جرگہ ممبران نے عزم ظاہر کیا کہ وہ علاقے میں امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنی مفت خدمات جاری رکھیں گے۔ پاک افغان بارڈر کی بندش اور معاشی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اپیل کی کہ تنازعات کے حل کے لیے فریقین سے بھاری اخراجات کا مطالبہ نہ کیا جائے اور عوام علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *