اے این پی کا باڑہ خیبر چوک میں احتجاج، تیراہ و راجگال متاثرین کی فوری واپسی اور معاوضے کا مطالبہ

خیبر (کیواین این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی) عوامی نیشنل پارٹی ضلع خیبر کے زیرِ اہتمام تیراہ متاثرین کے درپیش مسائل، جائز حقوق اور زیرِ التوا مطالبات کی منظوری کے لیے باڑہ خیبر چوک میں ایک عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

احتجاج کے دوران پارٹی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ غیر رجسٹرڈ تیراہ متاثرین کا فوری اندراج کر کے امدادی سمز جاری کی جائیں اور جن کی مالی امداد زیرِ التوا ہے، ان کی واجب الادا رقوم بلا تاخیر ریلیز کی جائیں۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی دہرایا کہ سڑکوں، چیک پوسٹوں اور سرکاری منصوبوں کی زد میں آنے والی زمینوں کے مالکان کو منصفانہ معاوضہ دیا جائے۔

مظاہرین نے زور دیا کہ وادی تیراہ میں تیار فصلوں کی بروقت کٹائی کے لیے 30 ستمبر سے قبل متاثرین کی واپسی کا واضح سرکاری نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، بصورتِ دیگر کسانوں کو فصلوں کے تمام تر نقصان کا مکمل معاوضہ فراہم کیا جائے۔ اس کے علاوہ مسمار شدہ گھروں کے لیے معاوضہ پیکیج پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ متاثرہ خاندان اپنے مکانات کی تعمیرِ نو کا آغاز کر سکیں۔

اے این پی نے تیراہ اور راجگال کے متاثرین کی باوقار واپسی کے اعلان کے ساتھ دیگر آئی ڈی پیز کی طرز پر مکمل پیکیج دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی نے حکام کو ان تمام مطالبات پر عملدرآمد کے لیے 24 ستمبر تک کی حتمی مہلت دی ہے، جبکہ حل نہ ہونے کی صورت میں صوبائی اسمبلی، گورنر ہاؤس اور قلعہ بالاحصار کے گھیراؤ کی تنبیہ کی ہے۔

پارٹی قیادت کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ بار بار عارضی کمیٹیاں بنانے کے بجائے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کے ذریعے براہِ راست عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بار بار نقل مکانی کا سلسلہ بند کر کے ایسی پائیدار پالیسی تشکیل دی جائے جس سے لوگ اپنے علاقوں میں محفوظ اور باعزت زندگی گزار سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے