سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی: ننکانہ صاحب اور دیگر علاقوں میں تحفظِ حرمین الشریفین مظاہرے

ننکانہ صاحب ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف احسان اللہ ایاز ) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیرِ اہتمام مبینہ حوثی ڈرون حملوں کے خلاف ننکانہ صاحب، موڑکھنڈا، بچیکی، شاہکوٹ اور سانگلا ہِل سمیت ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں شدید احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

ان مظاہروں اور ریلیوں میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے سعودی عرب سے کامل اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے حوثی حملوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر شرکا نے کتبے، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "تحفظ حرمین الشریفین جزوِ ایمان ہے” سمیت دیگر مذمتی اور عقیدت سے بھرپور نعرے درج تھے۔

مختلف مقامات پر ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ کے جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے کہا کہ حرمین شریفین پوری امتِ مسلمہ کے لیے انتہائی مقدس اور محترم مقامات ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ان کے تحفظ کے لیے تمام مسلم ممالک کو سیاسی اور علاقائی مفادات سے بالاتر ہو کر ایک پیج پر متحد ہونا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دشمن عناصر چاہے جتنی بھی سازشیں کر لیں، امتِ مسلمہ حرمین شریفین کے تقدس اور حرمت کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر بیدار اور متحد ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے