پولیو کے خاتمے کیلئے باڑہ کی سماجی شخصیات کا صحت اداروں سے تعاون کا عزم

خیبر (کیو این این ورلڈ /نامہ نگار نورحلیم آفریدی) باڑہ: تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈوگرہ باڑہ میں پولیو کمیونیکیشن سٹاف کی جانب سے باڑہ سے تعلق رکھنے والی سماجی، فلاحی اور معاشرتی شخصیات کے لیے صحت سے متعلق آگاہی اور تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سماجی و فلاحی تنظیموں کے عہدیداروں اور نمائندہ شخصیات نے شرکت کی۔

تربیتی نشست کے دوران پولیو وائرس کے پھیلاؤ، اس سے بچاؤ کے اقدامات، عوام میں پائے جانے والے مختلف خدشات و تحفظات اور حفاظتی ٹیکہ جات کی دیگر مہمات سمیت صحت سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء کو پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے معاشرے کے مختلف طبقات کے کردار اور پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر ڈوگرہ ہسپتال میں ایم ایس ایف کی ایکٹیویٹی منیجر ڈاکٹر حلیمہ نے ایم ایس ایف کی جانب سے شروع کیے گئے چلڈرن وارڈ اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی دیگر طبی و علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے صحت کے شعبے میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مختلف سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

نشست کے دوران باڑہ کی سماجی و فلاحی تنظیموں کے عہدیداروں اور دیگر شخصیات نے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اہم تجاویز پیش کیں اور پولیو مہمات کے دوران پیش آنے والی مشکلات، عوامی آگاہی اور والدین کے تعاون کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

کمیونیکیشن کمیونٹی آفیسر گل نذیر آفریدی نے پولیو مہمات کے دوران پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرنے اور درپیش مشکلات کے حل میں کردار ادا کرنے پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر باڑہ کی سماجی، فلاحی اور معاشرتی شخصیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو سمیت دیگر امراض کے خاتمے اور عوام کو بہتر صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے پولیو کمیونیکیشن سٹاف اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈوگرہ کی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

شرکاء نے ایم ایس ایف کی جانب سے ڈوگرہ ہسپتال سمیت دیگر صحت مراکز میں فراہم کی جانے والی طبی خدمات کو بھی سراہا اور صحت کے شعبے میں اس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب کے اختتام پر نو تعینات میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈوگرہ باڑہ آزاد خان اور کمیونیکیشن آفیسر گل نذیر خان سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکاء میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔

اس موقع پر شرکاء نے 21 سے 27 ستمبر تک منعقد ہونے والی پولیو مہم کے حوالے سے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے