سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف مدثر رتو)عالمی یومِ ابتدائی طبی امداد کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی زیرِ نگرانی ریسکیو 1122 سیالکوٹ کے زیرِ اہتمام ضلع بھر کے مختلف کالجز اور یونیورسٹیز میں آگاہی اور تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔
ان تربیتی پروگرامز میں بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات اور کمیونٹی ممبران نے شرکت کی۔ ریسکیو 1122 کے تربیت یافتہ اہلکاروں نے شرکاء کو ہنگامی صورتحال میں بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے، زخمی یا بے ہوش شخص کی مدد کرنے اور قیمتی انسانی جان بچانے کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر شرکاء کو فرسٹ ایڈ اور سی پی آر (CPR) کی عملی تربیت بھی دی گئی تاکہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اعتماد اور مہارت کے ساتھ فوری طور پر متاثرہ شخص کی مدد کر سکیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سیالکوٹ انجینئر نوید اقبال نے کہا کہ ابتدائی طبی امداد کی تربیت ہر فرد کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی حادثے یا طبی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے پہلے بروقت اور درست ابتدائی طبی امداد کسی انسان کی جان بچانے میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہے۔
انجینئر نوید اقبال نے عوام سے اپیل کی کہ زیادہ سے زیادہ افراد فرسٹ ایڈ اور سی پی آر کی تربیت حاصل کریں تاکہ ضرورت کے وقت ایک تربیت یافتہ فرد کسی قیمتی انسانی جان کے لیے امید کی پہلی کرن ثابت ہو سکے۔