اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمہ بٹ کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج، ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک، ضلعی افسران اور انجمن غلہ منڈی و سبزی منڈی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں پرانی غلہ و سبزی منڈی کی موجودہ صورتحال، منڈیوں کی نئی جگہ منتقلی، پرائس کنٹرول میکانزم اور فوڈ سیفٹی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے شرکاء کو پرانی غلہ و سبزی منڈی اور نئی منڈیوں کے لیے مجوزہ سائٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ضلع میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے تعین اور پرائس کنٹرول کے نظام پر عملدرآمد سے بھی آگاہ کیا۔
ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج نے عوامی سہولت اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے غلہ و سبزی منڈیوں کی جلد منتقلی کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر انجمن غلہ منڈی اور سبزی منڈی کے عہدیداران نے منتقلی کے ورکنگ پلان کو حتمی شکل دینے اور متعلقہ اداروں کو اس عمل میں شامل کرنے کے حوالے سے اپنی تجاویز اور گزارشات پیش کیں۔
معاون خصوصی وزیراعلیٰ سلمہ بٹ نے اجلاس کے بعد پرانی غلہ و سبزی منڈی اور نئی منڈیوں کے لیے مجوزہ سائٹس کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ہر شعبے میں عوامی ریلیف کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں اور عوامی سہولت کے ساتھ ساتھ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی سبزی و غلہ منڈیوں کا قیام انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی منڈیوں میں جدید اور بہتر سہولیات فراہم کرکے کاروباری افراد کے لیے سازگار ماحول یقینی بنایا جائے گا۔ موجودہ دور میں پنجاب بھر میں منڈیوں کی تعداد میں اضافے سے اشیائے ضروریہ کی سپلائی کے نظام میں واضح بہتری آئی ہے۔
سلمہ بٹ نے پرائس کنٹرول میکانزم کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا درست تعین انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے انفورسمنٹ افسران فیلڈ میں مؤثر اور سخت کارروائیاں کریں۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کے مرتکب افراد کے خلاف جرمانوں کے ساتھ ساتھ قانون کے مطابق دکانیں بھی سیل کی جائیں۔ آٹے کی سپلائی میں مزید بہتری کے لیے جامع ورکنگ پلان تیار کرکے بھجوایا جائے تاکہ عوام کو مناسب قیمتوں پر آٹے کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
بعد ازاں معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سلمہ بٹ اور ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج نے شجرکاری مہم کے تحت ڈی سی لان میں پودے بھی لگائے۔