ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف احسان اللہ ایاز ) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ننکانہ صاحب کی جانب سے سرکاری سکولوں میں تعلیمی و انتظامی امور کی مؤثر نگرانی، صفائی ستھرائی، اساتذہ کی حاضری اور طلبہ کے لیے محفوظ و سازگار تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے کے لیے سکولوں کے معائنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (M-EE) ننکانہ صاحب فیاض احمد نے مختلف سرکاری سکولوں کا دورہ کیا اور وہاں تعلیمی و انتظامی معاملات، اساتذہ کی حاضری، صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور دیگر ضروری امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
معائنے کے دوران گورنمنٹ پرائمری سکول واڑہ اندھیاں عمر کوٹ میں ہیڈ ٹیچر محمد ذیشان منیر کے خلاف فرائض میں غفلت، غیر حاضری اور دیگر بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔ معائنے کے موقع پر سکول اوقات میں مقررہ ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی اور سکول کی صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات بھی سامنے آئے، جس پر ہیڈ ٹیچر سے تین روز کے اندر تحریری وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔
اسی طرح گورنمنٹ پرائمری سکول واڑہ لہیب سنگھ کے معائنے کے دوران سکول کی مجموعی صفائی ستھرائی اور دیکھ بھال کے انتظامات غیر تسلی بخش پائے گئے۔ اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے سکول کے ہیڈ ٹیچر محمد شہزاد کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے اور انہیں تین روز کے اندر اپنی تحریری وضاحت جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ننکانہ صاحب کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی حاضری، صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور طلبہ کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ فرائض میں غفلت، غیر حاضری یا محکمانہ ذمہ داریوں میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں قواعد و ضوابط کے مطابق محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔