ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین میں لیاقت حیات کے اعزاز میں الوداعی تقریب

منڈی بہاؤالدین (کیو این این ورلڈ/جنرل رپورٹر جنید طالب نوشاہی) ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین میں طویل عرصہ فرائض منصبی احسن انداز میں انجام دینے کے بعد 60 سال کی عمر میں ریٹائر ہونے والے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل لیاقت حیات کے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت سپرنٹنڈنٹ جیل حق نواز نے کی، جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس جیل رانا شمشاد، شہزاد بخاری، مصعب بلال اور جیل کا دیگر عملہ بھی تقریب میں شریک ہوا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ جیل حق نواز نے لیاقت حیات کی طویل اور مثالی سروس کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت حیات نے اپنی پوری سروس کے دوران دیانت داری، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور ان کی خدمات جیل کے لیے قابلِ قدر رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لیاقت حیات نے ادارے میں جو وقت گزارا وہ ان کے ساتھی افسران اور عملے کے لیے ایک یادگار دور رہے گا۔

اس موقع پر ریٹائر ہونے والے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل لیاقت حیات کو افسران اور عملے کی جانب سے تحائف اور گلدستے پیش کیے گئے۔ تمام افسران اور عملے کے لیے سپرنٹنڈنٹ جیل کے دفتر میں چائے، کافی اور مٹھائی کا اہتمام بھی کیا گیا۔

سپرنٹنڈنٹ جیل حق نواز نے لیاقت حیات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دفتر ہمیشہ ان کا اپنا گھر رہے گا اور اس کے دروازے ان کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی دل چاہے تشریف لائیں اور کسی بھی ضرورت کی صورت میں بلا جھجھک رابطہ کریں۔

اپنی الوداعی تقریر میں لیاقت حیات نے کہا کہ انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین میں اپنی سروس کے دوران بہت اچھے دن گزارے اور انہیں افسران و عملے کی جانب سے ہمیشہ محبت، عزت اور تعاون حاصل رہا۔ انہوں نے اپنے ساتھیوں اور جیل انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صفائی کے عملے میں نقد انعامات بھی تقسیم کیے۔

تقریب کے دوران افسران اور عملے نے لیاقت حیات کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عہدہ چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا بلکہ انسان کی نیت، کردار اور فرض سے وابستگی اسے ممتاز بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جیل سے صرف ایک افسر رخصت نہیں ہو رہا بلکہ ایک ایسے ساتھی اور خاندان کے فرد کو الوداع کہا جا رہا ہے جس نے طویل عرصے تک ادارے کے لیے خدمات انجام دیں۔

بعد ازاں لیاقت حیات کو باقاعدہ سلامی پیش کی گئی۔ تمام افسران نے ان سے بغل گیر ہو کر نیک تمناؤں کے ساتھ انہیں سرکاری گاڑی میں رخصت کیا۔ اس طرح ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین میں ان کی طویل اور باوقار سرکاری سروس اختتام پذیر ہوئی اور ان کی زندگی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہوا۔

جیل انتظامیہ اور عملے نے لیاقت حیات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی میں صحت، سکون، خوشیاں اور برکتیں عطا فرمائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے