6 ارب 64 کروڑ روپے سے خیبر میں جدید شاہراہ کی تعمیر کا منصوبہ

خیبر (کیو این این ورلڈ /نامہ نگار نورحلیم آفریدی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی خصوصی توجہ اور رکن صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی اور رکن قومی اسمبلی محمد اقبال آفریدی کی مسلسل کوششوں سے ضلع خیبر میں ایک اور اہم اور بڑے ترقیاتی منصوبے کو عملی شکل دینے کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ منصوبے کے تحت یونیورسٹی سے قومی شاہراہ N-5 مین طورخم روڈ تک 43 کلومیٹر طویل جدید سڑک تعمیر کی جائے گی، جس سے ضلع خیبر کے متعدد دور دراز اور پہاڑی علاقوں کو بہتر سفری سہولیات اور مرکزی شاہراہوں سے رابطے کی سہولت میسر آئے گی۔

مجوزہ سڑک دوا جنگی، ڈورا، فورٹ سلوپ، شینکو اور چورہ سمیت مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے انہیں مرکزی شاہراہوں سے منسلک کرے گی۔ اس منصوبے کی مجموعی لاگت 6 ارب 64 کروڑ روپے بتائی گئی ہے، جبکہ سڑک کی کل لمبائی 43 کلومیٹر ہوگی۔

منصوبے کے تحت سڑک کی فارمیشن چوڑائی 60 فٹ رکھی گئی ہے، جبکہ دونوں اطراف 18،18 فٹ چوڑا کیریج وے تعمیر کیا جائے گا۔ سڑک کے درمیان 4 فٹ چوڑا میڈیان بھی شامل ہوگا۔ چونکہ یہ علاقہ زیادہ تر پہاڑی اور ہِلی خطے پر مشتمل ہے، اس لیے منصوبے کی تعمیر میں جغرافیائی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید انجینئرنگ تقاضوں کے مطابق کام کیا جائے گا۔ سڑک کو بلیک ٹاپ کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر، محفوظ اور جدید سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

یہ منصوبہ محض ایک سڑک کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ ضلع خیبر کے دور دراز علاقوں کی ترقی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ نئی سڑک کی تعمیر سے مقامی آبادی کو آمدورفت میں آسانی ہوگی، جبکہ تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔ بہتر رابطہ سڑکیں علاقے میں تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات تک عوام کی رسائی میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔

منصوبے سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافے کی بھی امید ہے۔ دور دراز علاقوں کو مرکزی شاہراہوں سے منسلک کیے جانے کے بعد مقامی تاجروں، طلبہ، مریضوں اور عام شہریوں کو سفری مشکلات میں نمایاں کمی کا سامنا ہوگا۔

علاقے کے عوام نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی خصوصی توجہ کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل سے ضلع خیبر کے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں کی محرومیاں کم ہوں گی اور ترقی کا سفر مزید تیز ہوگا۔ عوامی حلقوں نے رکن صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی اور رکن قومی اسمبلی محمد اقبال آفریدی کی کاوشوں کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ علاقے کے دیگر دیرینہ مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے