خیبر (کیو این این ورلڈ/نورحلیم آفریدی) سابق وفاقی وزیر و سینیٹر حاجی محمد ایوب آفریدی نے حاجی محمد اسلم آفریدی کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی، جہاں علاقائی سیاسی و سماجی صورتحال اور عوامی مسائل سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران تحصیل باڑہ کو درپیش اہم عوامی مسائل، بنیادی سہولیات، ترقیاتی منصوبوں اور ڈورہ کالج کے معاملات پر خصوصی طور پر گفتگو کی گئی، جبکہ بالخصوص قبیلہ سپاہ کو درپیش مشکلات اور مسائل کے حل کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت ہوئی۔
شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ علاقے کے دیرینہ مسائل کے حل، عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے اور ترقیاتی عمل کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے سیاسی قیادت، عوامی نمائندوں اور عوام کے درمیان مسلسل رابطہ، باہمی مشاورت اور مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے۔
ملاقات کے دوران علاقے کے وسیع تر مفاد، عوامی خدمت، بنیادی حقوق کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے حوالے سے مختلف امور پر سنجیدہ مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوامی خدمت، علاقائی ترقی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر مؤثر آواز بلند کرنا سیاسی اور اجتماعی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی ضلع خیبر کے انفارمیشن سیکرٹری امیر شاہ آفریدی، حاجی راحت آفریدی سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔