ایتھنز میں ائیرشو کے دوران یونانی فضائیہ کا ایف 4 فینٹم طیارہ تباہ

ایتھنز: یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں جاری ائیرشو کے دوران یونانی فضائیہ کا ایف 4 فینٹم جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر آگ بھڑک اٹھی اور فضا میں سیاہ دھویں کے ہولناک بادل بلند ہونے لگے۔

خبر ایجنسی کے مطابق حادثہ ایتھنز فلائنگ ویک کے دوران پیش آیا، جہاں ہزاروں افراد فضائی مظاہرے دیکھنے کے لیے موجود تھے۔ طیارے کے گرنے کے بعد علاقے میں آگ پھیل گئی اور تماشائیوں میں خوف و ہراس کی کیفیت پیدا ہوگئی۔

آگ پر قابو پانے اور امدادی کارروائیوں کے لیے 11 پانی چھڑکنے والے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے علاوہ 85 فائر فائٹرز نے حصہ لیا۔ امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کردیں۔

یونانی فضائیہ کے ایک اہلکار نے طیارے کے حادثے کی تصدیق کی ہے، تاہم دو نشستوں والے جنگی طیارے میں سوار پائلٹوں کے حوالے سے فوری طور پر کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

خبر ایجنسی کے مطابق حادثے کے باوجود ائیرشو دیکھنے کے لیے موجود شائقین میں سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ حادثے کی وجوہات اور طیارے میں سوار پائلٹوں کی صورتحال کے بارے میں مزید معلومات کا انتظار ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے