کوئٹہ (کیو این این ورلڈ) بلوچستان سے اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ریلوے انتظامیہ کی جانب سے بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے، جس کے تحت صوبے سے ملک کے دیگر حصوں کے لیے ٹرین سروس کو 2 روز کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی مشہور ترین جعفر ایکسپریس کی روانگی ریلوے ٹریک کی ضروری مرمت اور دیکھ بھال کے باعث منسوخ کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ ٹریک پر جاری مرمتی کام کے باعث پیشگی حفاظتی تدابیر کے طور پر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس 5 اور 6 ستمبر کو کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ نہیں ہوگی۔ دوسری جانب پشاور سے کوئٹہ کے لیے آنے والی جعفر ایکسپریس کو بھی مختصر روٹ پر چلاتے ہوئے جیکب آباد تک محدود کر دیا گیا ہے اور وہ کوئٹہ نہیں پہنچ سکے گی۔
ٹرین سروس کی غیر متوقع معطلی اور روٹ جیکب آباد تک محدود کیے جانے کے باعث کوئٹہ آنے اور یہاں سے ملک کے دیگر شہروں کی طرف سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں ریلوے سروسز پہلے ہی شدید متاثر ہیں۔ کراچی جانے والی بولان میل اور چمن جانے والی چمن پیسنجر گزشتہ 6 ماہ سے مکمل طور پر بند ہیں، جس کے باعث عوام کا دارومدار صرف جعفر ایکسپریس پر تھا لیکن اس کی معطلی نے سفری مسائل کو مزید بڑھا دیا ہے۔