راولپنڈی: (کیو این این ورلڈ) پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد سے دہشت گردوں کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے افغانستان سے ضلع شمالی وزیرستان کے راستے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کا 36 گھنٹے تک مقابلہ کیا۔ مؤثر کارروائی کے نتیجے میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 15 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ واقعے سے خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم ایک بار پھر بے نقاب ہوگئے ہیں۔ پاک فوج نے واضح کیا کہ ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز پوری طرح پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان حکومت دہشت گرد عناصر کو افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے روکنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔ افغان سرزمین سے ہونے والی دراندازی کی کوششیں مؤثر سرحدی انتظام اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں موجود خامیوں کو ظاہر کرتی ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں مزید دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن بھی شروع کر رکھا ہے، جبکہ عزمِ استحکام کے تحت ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، صبر اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔