میہڑ (کیو این این ورلڈ/ منظور علی جوئیہ کی رپورٹ ): میہڑ میں دو مختلف افسوسناک واقعات کے دوران 56 سالہ شخص اور 3 سالہ معصوم بچہ جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔
بی سیکشن تھانے کی حدود میہڑ بائی پاس کے قریب گاؤں حاصل کھوسو میں چانڈیا برادری کے دو گروپوں کے درمیان پرانے تنازع پر جھگڑا ہوا، جس کے دوران فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 56 سالہ جج چانڈیو گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ دوسری جانب کے تین افراد امتیاز چانڈیو، واحد بخش چانڈیو اور غلام مصطفیٰ چانڈیو ڈنڈوں اور لاٹھیوں کے وار سے شدید زخمی ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی میہڑ وحید بیگ لاڑک اور ایس ایچ او بی سیکشن ندیم سولنگی کی قیادت میں بھاری پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے زخمیوں کو علاج کے لیے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا، جبکہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کی گئی۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ کشیدگی کے پیش نظر علاقے میں اضافی پولیس نفری تعینات کر دی گئی۔ آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا۔
دوسرے واقعے میں شہباز کالونی میں گھر کی دیوار اچانک گرنے سے تین سالہ معصوم بچہ عزیزاللہ ملبے تلے دب کر شدید زخمی ہوگیا۔ ورثاء نے بچے کو بے ہوشی کی حالت میں فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اس کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔ بچے کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا پھیل گئی۔