راولپنڈی/اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے، سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دونوں شہروں میں مجموعی طور پر 160 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ اسلام آباد سے بڑا سیلابی ریلا راولپنڈی میں داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
واسا حکام کے مطابق نیو کٹاریاں میں 112، گولڑہ میں 106، شمس آباد میں 75، پی ایم ڈی میں 65، سیدپور میں 60 جبکہ پیرودھائی میں 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ مسلسل بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بھی تیزی سے بلند ہوگئی ہے۔
حکام کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 24 فٹ سے تجاوز کر گئی، جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی 17 فٹ تک پہنچ گیا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر نالہ لئی کے اطراف رہنے والی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔ انتظامیہ اور امدادی اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب موسلادھار بارش کے پیش نظر راولپنڈی میں تعلیمی ادارے بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق راولپنڈی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔