لنڈی کوتل(کیو این این ورلڈ / بیورورپورٹ) مرحوم عجیب اللہ کی بیوہ سومیہ بی بی نے اپنے تین بچوں کے ہمراہ ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب لنڈی کوتل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنی بیٹی مسماۃ مریم کے مبینہ قتل کے مقدمے میں نامزد دو ملزمان کی تاحال عدم گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سومیہ بی بی نے کہا کہ بیٹی کے مبینہ قتل کے خلاف درج ایف آئی آر میں نامزد دو ملزمان تاحال گرفتار نہیں کیے گئے، جبکہ مقدمے کی تفتیش بھی سست روی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں پیش رفت نہ ہونے کے باعث لواحقین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں اور وہ موجودہ تفتیشی عمل سے مطمئن نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد ان کے دیگر بچوں کا تعلیمی سلسلہ بھی متاثر ہو کر رک گیا ہے، جبکہ بچوں کا سامان اور کتابیں ان کے چچاؤں کے قبضے میں ہیں، جس کے باعث انہیں مزید مشکلات کا سامنا ہے۔
سومیہ بی بی نے آئی جی پولیس، سی سی پی او، ڈی پی او خیبر اور ایس ایچ او لنڈی کوتل سے مطالبہ کیا کہ مریم کے مبینہ قتل کی تحقیقات اور تفتیشی عمل میں تیزی لائی جائے، ایف آئی آر میں نامزد مزید دو ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔