اوکاڑہ: کمشنر ساہیوال کی ہسپتال میں فائر سیفٹی انتظامات مؤثر بنانے اور عملے کی ریہرسل کی ہدایت

اوکاڑہ: (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال اوکاڑہ کا دورہ کیا اور آگ، شارٹ سرکٹ سمیت دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فواد افتخار، دیگر متعلقہ افسران اور ہسپتال انتظامیہ بھی موجود تھی۔

کمشنر ساہیوال نے ہسپتال میں نصب فائر سیفٹی آلات، فائر الارم اور ایمرجنسی سسٹم کی ورکنگ کا معائنہ کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام حفاظتی آلات ہر وقت مکمل طور پر فعال اور قابلِ استعمال حالت میں رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال جیسے حساس مقام پر معمولی غفلت بھی بڑے نقصان کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے فائر سیفٹی انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈاکٹر آصف طفیل نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجے اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آنی چاہیے اور ہسپتال انتظامیہ مریضوں کی ضروریات پر خصوصی توجہ دے۔

کمشنر ساہیوال نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام فائر سیفٹی آلات کی باقاعدگی سے انسپکشن یقینی بنائی جائے، جبکہ ہسپتال کے عملے اور پیرا میڈیکس کو فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملی تربیت اور باقاعدہ ریہرسل بھی کرائی جائے تاکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری اور مؤثر کارروائی ممکن ہو۔

انہوں نے بجلی کے سرکٹس، بریکرز اور اے سی کمپریسرز کی ازسرنو چیکنگ کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ شارٹ سرکٹ اور دیگر برقی حادثات کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ایمرجنسی انخلاء کے راستے ہر صورت مکمل طور پر کلیئر ہونے چاہئیں اور فائر ایمرجنسی کی صورت میں محفوظ انخلاء کے راستوں کی واضح نشاندہی کے لیے مناسب سٹیکرز اور علامات آویزاں کی جائیں۔

ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری ہی جانی نقصان سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہے۔ ہسپتال انتظامیہ فائر سیفٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے اور عملے کی عملی مشقیں باقاعدگی سے کرائی جائیں تاکہ مریضوں، لواحقین اور ہسپتال کے عملے کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے