اوکاڑہ: سول ڈیفنس کی نجی ہسپتال میں فائر سیفٹی ورکشاپ، 34 اہلکاروں کی عملی تربیت

اوکاڑہ: (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر) سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی زیر نگرانی محکمہ سول ڈیفنس کی پیشہ ورانہ ٹیم نے چرچ روڈ پر واقع نجی ہسپتال میں ایک روزہ فائر فائٹنگ، ایمرجنسی ریسپانس اور ہنگامی انخلاء کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس میں ہسپتال کے 34 اہلکاروں نے عملی طور پر شرکت کی۔

تربیتی سیشن کے دوران سول ڈیفنس کے انسٹرکٹرز نے ہسپتال کے عملے کو آگ لگنے یا کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ اہلکاروں کو فائر فائٹنگ آلات کے درست استعمال، فائر سیفٹی سسٹم کو فعال کرنے اور ابتدائی سطح پر آگ پر قابو پانے کے حوالے سے عملی مشقیں بھی کروائی گئیں۔

ورکشاپ میں ہسپتال کے اندر موجود مریضوں، تیمارداروں اور دیگر افراد کے محفوظ اور فوری انخلاء کے طریقہ کار پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ عملے کو ہنگامی صورتحال میں بھگدڑ سے بچاؤ، لوگوں کو منظم انداز میں محفوظ مقام تک منتقل کرنے اور ضرورت کے وقت ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے اہم اصولوں سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ حادثے یا آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ رکھنے کے لیے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں فائر فائٹنگ آلات کا فعال اور قابلِ استعمال ہونا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے عملے کی مسلسل تربیت بھی ناگزیر ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی کی جا سکے۔

جاوید اختر کھچی نے مزید کہا کہ محکمہ سول ڈیفنس تمام تجارتی اور عوامی مقامات پر حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ہسپتال کے 34 اہلکاروں کی تربیت سے ہنگامی صورتحال میں فوری انخلاء، ابتدائی طبی امداد اور آگ پر بروقت قابو پانے کی صلاحیت میں بہتری آئے گی، جس سے انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے