بابا بلھے شاہؒ کے عرس کا آغاز، مزار اقدس کو عرقِ گلاب سے غسل دیا گیا

قصور (طارق نوید سندھو سے): برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ اور معروف شاعر حضرت سید عبداللہ شاہ المعروف بابا بلھے شاہؒ کے 269ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا۔ تقریبات کا افتتاح ممبر قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ و محصولات سعد وسیم شیخ، ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی حاجی نعیم صفدر انصاری، ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا، ڈی پی او آفتاب احمد پھلران، محکمہ اوقاف کے افسران اور مقامی انتظامیہ نے مزار اقدس کو غسل دے کر کیا۔

اس موقع پر مزار حضرت بابا بلھے شاہؒ کو کئی من خالص عرقِ گلاب سے غسل دیا گیا جبکہ صندل اور دیگر عطریات سے مزار اقدس کو معطر کیا گیا۔ بعد ازاں ملک و قوم کی ترقی و سلامتی، امن و استحکام اور قدرتی آفات و بیماریوں سے حفاظت کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے کہا کہ عرس مبارک میں ملک بھر سے آنے والے زائرین کے لیے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابا بلھے شاہؒ جیسی عظیم ہستیوں کے آستانوں پر حاضری نصیب کی بات ہے، جبکہ حضرت بابا بلھے شاہؒ سے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب کے لوگ بھی عقیدت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اولیائے کرام کے فیضان کی بدولت پاکستان میں روحانی اقدار زندہ ہیں اور اولیائے اللہ کے مزارات پر حاضری سے انسان کو روحانی اور قلبی سکون حاصل ہوتا ہے۔ حضرت بابا بلھے شاہؒ نے رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق سے بالاتر ہو کر رواداری، اخوت، محبت اور انسان دوستی کا پیغام دیا، جو آج بھی معاشرے کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلران نے بتایا کہ ملک بھر سے عرس میں شرکت کے لیے آنے والے زائرین کی حفاظت کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ عرس کے موقع پر تین سطحی سکیورٹی حصار قائم کیا گیا ہے، جس کے تحت 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 150 سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مزار اور اطراف کے علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا اور ڈی پی او آفتاب احمد پھلران نے دربار شریف کا دورہ کیا اور عرس کے حوالے سے کیے گئے سکیورٹی، صفائی، پارکنگ اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں زائرین کی آمد متوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے