میہڑ (منظور علی جوئیہ): میہڑ کے نواحی علاقے تھرڑی محبت تھانے کی حدود میں رائس کینال فال موری سے ایک نامعلوم خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے باعث علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی افراد کے مطابق کینال میں لاش دیکھ کر انہوں نے فوری طور پر اسے پانی سے باہر نکالا اور پولیس کو اطلاع دی۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ خاتون کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے جبکہ اس کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات بھی موجود تھے، جس سے بظاہر واقعہ قتل کا معلوم ہوتا ہے۔ تاہم خاتون کی موت کی اصل وجہ اور واقعے کے محرکات کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ اور پولیس تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گا۔
اطلاع ملنے پر تھرڑی محبت پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر شناخت کے لیے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق تاحال خاتون کی شناخت نہیں ہو سکی، جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال میں رکھ دیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور خاتون کی شناخت سمیت مختلف پہلوؤں سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مزید تفتیش کی روشنی میں خاتون کی موت کی اصل وجہ اور ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے گا۔
میہڑ: رائس کینال سے نامعلوم خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد