سبز پرچموں اور درود و سلام سے کندھ کوٹ گونج اٹھا، مرکزی جلوس کا شاندار انعقاد

کشمور (کیو این این ورلڈ / وقار احمد اعوان): جشن عید میلادالنبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے پُرمسرت اور بابرکت موقع پر کندھ کوٹ میں عظیم الشان مرکزی جلوس نکالا گیا، جس میں بچوں، نوجوانوں، بزرگوں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں عاشقان رسول ﷺ نے بھرپور شرکت کی۔

مرکزی جلوس جامعہ مسجد نورانی سے برآمد ہوا اور شہر کے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا جامعہ مسجد نور مصطفیٰ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے شرکاء نے ہاتھوں میں سبز پرچم اور نعلین مبارک کے ماڈلز اٹھا رکھے تھے، جبکہ پورا شہر درود و سلام، نعت رسول مقبول ﷺ اور ’’مرحبا یا مصطفیٰ ﷺ‘‘ کے پُرجوش نعروں سے گونجتا رہا۔

مرکزی جلوس کے دوران عاشقان رسول ﷺ کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ شرکاء نے سرکار دو عالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے اپنی والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے درود و سلام پیش کیا۔ جلوس کے راستے میں شہریوں کی جانب سے بھی شرکاء کا خیرمقدم کیا گیا اور عقیدت و احترام کا اظہار کیا گیا۔

مرکزی جلوس کی قیادت فقیر یار محمد سہریانی، حافظ منیر احمد اعوان، مولانا مظہر علی سکندری، مولانا اقبال سعدی، حافظ محمد ادریس، آفتاب احمد باجکانی، مقصود احمد اعوان سمیت دیگر علماء کرام اور مذہبی شخصیات نے کی۔

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی آمد پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ جشن میلادالنبی ﷺ محبت رسول ﷺ کے اظہار کے ساتھ ساتھ آپ ﷺ کی سیرت طیبہ اور تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کا پیغام دیتا ہے۔

مقررین نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ میں انسانیت سے محبت، اخوت، رواداری، امن اور بھائی چارے کا درس ملتا ہے، اس لیے ہمیں اپنی عملی زندگی میں ان تعلیمات کو اپناتے ہوئے معاشرے میں امن و محبت کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

مرکزی جلوس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امن و استحکام، خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر کندھ کوٹ شہر محبت رسول ﷺ کے نور سے منور اور ’’مرحبا یا مصطفیٰ ﷺ‘‘ کے نعروں سے گونجتا رہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے