وادی تیراہ میں منصوبوں کی رفتار اور معیار بہتر بنانے کی ہدایت، عوامی مسائل کے حل کے احکامات

خیبر (کیو این این ورلڈ/ نورحلیم آفریدی): ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہاب الدین، اسسٹنٹ کمشنر تیراہ انور، اسسٹنٹ کمشنر باڑہ، تحصیلدار تیراہ شہاب، تحصیلدار باڑہ داؤد آفریدی، سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ تعلیم کے افسران کے ہمراہ وادی تیراہ میدان کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں، تعمیراتی کاموں اور تعلیمی اداروں کا معائنہ کیا۔

دورے کے دوران متعلقہ محکموں کے افسران نے ڈپٹی کمشنر خیبر کو جاری ترقیاتی منصوبوں اور تعمیراتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف منصوبوں کا موقع پر جائزہ لیتے ہوئے تعمیراتی کام کے معیار، رفتار اور دیگر امور کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے بروقت اور مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر شاہد علی نے وادی تیراہ میں مختلف سکولوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں بنیادی سہولیات، تعلیمی ماحول اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں سے متعلق جاری ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں اور طلبہ کو ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے پیندی چینہ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی مشران اور عمائدین سے ملاقات کی اور علاقے کے عوام کو درپیش مسائل تفصیل سے سنے۔ مقامی باشندوں نے مختلف مسائل اور مشکلات سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا، جن میں سے متعدد مسائل کے فوری حل کے لیے انہوں نے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر وقت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا جبکہ دور افتادہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے پیندی چینہ میں مقامی آبادی کی سہولت کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلد دفتر قائم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ اس دفتر کے قیام سے مقامی لوگوں کو انتظامی امور کے سلسلے میں سہولت میسر آنے کی توقع ہے اور انہیں دور دراز علاقوں کا سفر کرنے کی ضرورت کم ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر خیبر کے وادی تیراہ کے تفصیلی دورے کو علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی، تعمیراتی کاموں کے معیار میں بہتری، عوامی مسائل کے فوری حل اور تعلیمی و بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔