اسلام آباد میں کال سینٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن، مزید 50 غیر ملکی گرفتار

اسلام آباد: (کیو این این ورلڈ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسلام آباد میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایک پلازے میں قائم مرکز سے مزید 50 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار کیے گئے 50 غیر ملکی شہریوں کو قانونی کارروائی کے بعد جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل مختلف کارروائیوں کے دوران گرفتار کیے گئے 250 غیر ملکی شہریوں کو اڈیالہ اور اٹک جیل منتقل کیا جاچکا ہے، جبکہ غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کرنے کے پہلے مرحلے میں 50 ویتنامی شہریوں کو پاکستان سے واپس بھیج دیا گیا ہے۔

دوسری جانب نیشنل سائبر کرائم اینڈ انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بھی 13 سے 21 اگست کے دوران اسلام آباد میں تین مختلف کارروائیاں کیں، جن میں درجنوں غیر ملکی شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار افراد سے بیرون ملک مقیم شہریوں کے ساتھ مبینہ آن لائن فراڈ، بلیک میلنگ اور جنسی مواد کے ذریعے مالی فائدہ حاصل کرنے کے الزامات کے تحت تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کال سینٹرز کے خلاف جاری تحقیقات کا دائرہ ایف آئی اے، این سی سی آئی اے اور اسلام آباد پولیس کے علاوہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) تک بھی بڑھا دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق غیر قانونی طور پر کال سینٹرز چلانے میں ملوث گرفتار 671 غیر ملکی شہریوں کو فارن بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ وزارت خارجہ کے ذریعے متعلقہ ممالک کو ان شہریوں کی مبینہ سرگرمیوں اور مقدمات سے آگاہ کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔

حکام کے مطابق کارروائیوں کا مقصد غیر قانونی کال سینٹرز کے ذریعے ہونے والے مبینہ آن لائن فراڈ، بلیک میلنگ اور دیگر سائبر جرائم کے نیٹ ورک کا خاتمہ اور ان میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنانا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے