تہران (کیو این این ورلڈ) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم دورے پر ایران پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ ایران پہنچے ہیں اور ایرانی وزیر داخلہ سے ملاقات میں بھی شریک تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے دورے پر ہیں، جہاں وہ علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی اور سیاسی کوششوں کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
تہران میں ہونے والی ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تعاون اور علاقائی امن کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث خطے کی صورتحال انتہائی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔ ان کے دورے کا مقصد مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کے فروغ اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو مؤثر بنانا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دورے کے دوران ایرانی قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں خطے کی مجموعی صورتحال، امن و استحکام اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے ممکنہ اقدامات پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔