باڑہ (کیو این این ورلڈ /نامہ نگار نورحلیم آفریدی ) اپر باڑہ کے عوام کے لیے بڑی انتظامی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں پیندی چینہ ہاسٹل میں ضلعی انتظامیہ کے مختلف دفاتر آئندہ ہفتے سے باقاعدہ طور پر فعال ہو جائیں گے۔ اس اقدام کے نتیجے میں اپر باڑہ کے دور افتادہ علاقوں کے مکینوں کو روزمرہ انتظامی امور اور سرکاری مسائل کے حل کے لیے تیراہ میدان اور باڑہ کے دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی دشواری سے نجات ملنے کی توقع ہے۔
اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر باڑہ طلحہ رفیق عالم نے خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے سینئر رہنما تراب علی خان سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران بتایا کہ اپر باڑہ کے عوام کو ان کی دہلیز کے قریب سرکاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پیندی چینہ میں مختلف انتظامی دفاتر قائم کیے جا رہے ہیں۔ ملاقات میں اپر باڑہ کے تعلیمی مسائل، سنڈا پال اور درے نغری کے متاثرین کی رجسٹریشن، جنگلات کی کٹائی اور علاقے کے پانچ کمیونٹی سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت متعدد اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر باڑہ طلحہ رفیق عالم نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر تیراہ میدان، تحصیلدار تیراہ، نائب تحصیلدار پیندی چینہ، اے ایس ڈی او ایجوکیشن اور ریسکیو 1122 کے دفاتر پیندی چینہ ہاسٹل میں آئندہ ہفتے سے باقاعدہ کام شروع کر دیں گے۔ ان دفاتر کے قیام سے ننگروسہ سے سرحدی چیک پوسٹ تک کے علاقوں کے عوام کو اپنے انتظامی اور دیگر سرکاری مسائل کے سلسلے میں مقامی سطح پر متعلقہ افسران اور حکام سے رجوع کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ان دفاتر کے فعال ہونے سے عوام کے وقت اور اخراجات دونوں کی بچت ہوگی اور انہیں معمولی نوعیت کے انتظامی امور کے لیے طویل سفر کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ مقامی سطح پر سرکاری افسران کی دستیابی سے عوامی مسائل کے بروقت حل اور انتظامیہ و عوام کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
تحصیلدار تیراہ شباب خان نے بھی پیندی چینہ میں سرکاری دفاتر کے قیام کو اپر باڑہ کے عوام کے لیے اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقے کے لوگوں کو سفری مشکلات سے نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر انتظامی دفاتر کی موجودگی سے ضلعی انتظامیہ اور اپر باڑہ کے عوام کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہوگا اور شہری اپنے مسائل متعلقہ حکام تک براہ راست پہنچا سکیں گے۔
ملاقات کے دوران سنڈا پال اور درے نغری کے متاثرین کی رجسٹریشن کے معاملے پر بھی تفصیلی آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ متاثرین کی فہرستیں حتمی شکل اختیار کر چکی ہیں اور جلد ہی متعلقہ افراد کو ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاعات موصول ہونا شروع ہو جائیں گی، جس کے بعد رجسٹریشن سے متعلق آئندہ مراحل بھی مکمل کیے جائیں گے۔
ملاقات میں اپر باڑہ کے تعلیمی مسائل بھی زیر بحث آئے۔ اس موقع پر خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے سینئر رہنما تراب علی خان نے اپر باڑہ کے پانچ کمیونٹی سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے لیے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا مسئلہ اسسٹنٹ کمشنر کے سامنے رکھا۔ درخواست پر اسسٹنٹ کمشنر باڑہ نے پانچوں کمیونٹی سکولوں کے لیے پانچ واٹر ٹینکیاں فراہم کرنے کا اعلان کیا تاکہ طلبہ کو صاف پانی کی بنیادی سہولت میسر آ سکے۔
تراب علی خان نے اس اقدام پر اسسٹنٹ کمشنر باڑہ طلحہ رفیق عالم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دور افتادہ علاقوں میں سرکاری دفاتر کی فعالیت اور سکولوں میں صاف پانی کی فراہمی جیسے اقدامات سے مقامی آبادی اور طلبہ کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپر باڑہ کے دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے بھی انتظامیہ عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
ملاقات کے موقع پر تحصیلدار تیراہ شباب خان، سینئر کلرک فتحیاب خان اور محمد شعیب خان بھی موجود تھے۔