اوکاڑہ: جشن میلاد النبی ﷺ، شہر بھر میں زیرو ویسٹ آپریشن کا آغاز

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) جشن عید میلاد النبی ﷺ کی آمد کے ساتھ ہی اوکاڑہ میں ستھرا پنجاب ایجنسی کی جانب سے خصوصی صفائی آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن ’’ستھرا پنجاب‘‘ کے تحت ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک اور مینجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی اوکاڑہ چوہدری عبدالجبار گجر کی مشترکہ ہدایات پر شہر اور تحصیل بھر میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

خصوصی صفائی آپریشن ڈسٹرکٹ مینیجر علی رضا کی زیرِ قیادت جبکہ سارکو پروجیکٹ مینیجر محمد رضوان ظفر کی زیرِ نگرانی جاری ہے۔ اس سلسلے میں مساجد، جلوس کے روٹس، چوک چوراہوں، شاہراہوں اور دیگر اہم مقامات پر صفائی کے لیے خصوصی ٹیمیں اور مشینری فیلڈ میں متحرک ہیں۔

ستھرا پنجاب ایجنسی کی ٹیموں کی جانب سے مساجد اور ان کے اطراف خصوصی صفائی و دھلائی، مینول سویپنگ، مکینیکل سویپنگ اور مکینیکل واشنگ کا عمل جاری ہے، جبکہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کے روٹس پر صفائی کے ساتھ ساتھ چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے۔

عوامی رش والی جگہوں، سبیلوں اور مساجد کے اطراف اضافی ویسٹ بنز اور ویسٹ کنٹینرز رکھے گئے ہیں، جبکہ ویسٹ کلیکشن گاڑیوں کے ذریعے کچرے کی بروقت منتقلی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ جلوس کے روٹس اور عوامی مقامات پر صفائی کا معیار برقرار رہے۔

خصوصی صفائی آپریشن کے دوران ڈرینز اور نالیوں کی صفائی سمیت دیگر ضروری امور بھی انجام دیے جا رہے ہیں۔ جلوس کے دوران اور بعد ازاں صفائی کے لیے خصوصی ٹیمیں اور مشینری فیلڈ میں موجود رہیں گی تاکہ کچرے کی فوری کلیکشن اور زیرو ویسٹ آپریشن کو یقینی بنایا جا سکے۔

ستھرا پنجاب ایجنسی اور سارکو کے افسران مختلف علاقوں میں صفائی انتظامات کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق جشن عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا اور پُرفضا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صفائی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں اور کچرا سڑکوں یا گلیوں میں پھینکنے کی بجائے مقررہ ویسٹ بنز اور کنٹینرز میں ڈالیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے