ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ڈیرہ غازی خان کے قبرستانوں میں صفائی کا خصوصی آپریشن

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے، جس کے تحت ڈیرہ غازی خان کے مختلف قبرستانوں میں خصوصی صفائی آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد کی واضح اور سخت ہدایات پر ستھرا پنجاب کے ورکرز قبرستانوں کی صفائی، ستھرائی اور دیکھ بھال کے لیے متحرک ہیں۔

صفائی آپریشن کے دوران قبرستانوں میں اُگنے والی جنگلی جھاڑیوں، خودرو پودوں اور غیر ضروری گھاس کی کٹائی کی جا رہی ہے، جبکہ مختلف حصوں میں موجود کوڑا کرکٹ، ملبہ اور دیگر آلائشیں بھی اٹھائی جا رہی ہیں۔ صفائی عملے کی جانب سے قبرستانوں کے راستوں اور دیگر مقامات کو بھی صاف کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری کے دوران بہتر اور صاف ستھرا ماحول میسر آسکے۔

ستھرا پنجاب کے ورکرز متعلقہ افسران کی نگرانی میں صفائی آپریشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے صفائی کے معیار کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر عثمان خالد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ قبرستانوں سمیت شہر کے تمام اہم مقامات پر صفائی کا معیار برقرار رکھا جائے اور صفائی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہ کی جائے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کا مقصد شہری علاقوں میں صفائی کے نظام کو مؤثر بنانا اور عوام کو صاف، صحت مند اور خوبصورت ماحول فراہم کرنا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قبرستانوں کی صفائی اور مناسب دیکھ بھال بھی اسی صفائی مہم کا اہم حصہ ہے، جسے تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے