گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے چار الگ الگ پولیس مقابلوں میں دو خطرناک اور ریکارڈ یافتہ ڈاکوؤں کو ہلاک جبکہ دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکو ڈکیتی، راہزنی، چوری، موٹرسائیکل چوری، منشیات فروشی، شہریوں کو دورانِ واردات فائرنگ کرکے زخمی کرنے اور پولیس مقابلوں سمیت متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب اور ریکارڈ یافتہ تھے۔ کارروائیوں کے دوران ناجائز اسلحہ، منشیات اور چوری شدہ موٹرسائیکل بھی برآمد کی گئی۔
تھانہ صدر وزیرآباد پولیس کے مطابق پولیس پارٹی معمول کی گشت پر تھی کہ مشتبہ افراد نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ملزمان فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ ہلاک ملزم کی شناخت علی رضا عرف بلا کے نام سے ہوئی، جو ڈکیتی، راہزنی، چوری، موٹرسائیکل چوری اور گجرات سی سی ڈی پولیس کے ساتھ مقابلے سمیت 25 سے زائد سنگین وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ اور مطلوب تھا۔ پولیس نے ہلاک ملزم کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کرلیا جبکہ فرار ہونے والے نامعلوم ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی۔
دوسری جانب تھانہ باغبانپورہ پولیس نے بھی خطرناک ملزمان کے خلاف کارروائی کے دوران ایک ریکارڈ یافتہ ڈاکو کو ہلاک کردیا۔ پولیس کے مطابق عثمان غنی نامی ملزم اپنے نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسی دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق عثمان غنی راہزنی، چوری، منشیات، دورانِ واردات شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے اور پولیس مقابلے میں زخمی ہونے سمیت 23 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ ملزم کے قبضے سے ایک کلو 60 گرام چرس اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا، جبکہ اس کے دو نامعلوم ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چار سالہ کمسن بچے سے بدفعلی کے مقدمے میں زیرِ ریمانڈ ملزم امیر معاویہ کو ڈی این اے ٹیسٹ سے واپسی کے دوران پولیس حراست سے فرار ہونے کی کوشش پر زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی جس کے دوران اسے قابو کرلیا گیا اور زخمی حالت میں گرفتار کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔
اسی طرح تھانہ پیپلز کالونی پولیس نے ناکہ بندی کے دوران کارروائی کرتے ہوئے راہزنی اور چوری کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور موٹرسائیکل چوری کے مقدمے میں مطلوب ملزم شاہد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے ناکے پر پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے تعاقب کرکے اسے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے چوری شدہ موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔
چاروں کارروائیوں کا سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل ایس پیز سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ سی پی او نے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی اوز کی زیرِ نگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کی تشکیل کے لیے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کی بیخ کنی ناگزیر ہے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔