کراچی(کیو این این ورلڈ) پاکستان میں سمندر سے متصل علاقے میں اعلیٰ معیار کی گیس کی اہم دریافت سامنے آگئی، جسے ملک میں توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے مطابق ضلع سجاول، سندھ میں واقع کمپنی کے آپریٹڈ سرانی بلاک کے دریافتی کنویں ڈولفن سے گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ پی پی ایل کے مطابق یہ دریافت جراسک دور کی لوئر انڈس بیسن کی چلتن فارمیشن سے ہائیڈروکاربن کی پہلی دریافت ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے علاقے میں پیٹرولیم سسٹم کی موجودگی ثابت ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں سندھ کے دلدلی اور خشکی سے متصل علاقوں کے ساتھ ممکنہ کم گہرے سمندری توسیعی علاقوں میں بھی تیل و گیس کی مزید تلاش کے نئے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
پی پی ایل کے مطابق نئی دریافت ملک میں ایک نئی ایکسپلوریشن فرنٹیئر کھولنے کی بنیاد بن سکتی ہے، جس سے مستقبل میں مزید ہائیڈروکاربن ذخائر کی تلاش کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔