مری (کیو این این ورلڈ): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے عوامی دست و بازو پارٹی کے چیئرمین ساجد عباسی کو حکومت میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ساجد عباسی کو کابینہ میں شامل کرکے اہم وزارت کا قلمدان سونپا جائے گا۔ یہ فیصلہ آزاد کشمیر میں ہونے والی اعلیٰ سطح کی سیاسی مشاورت اور مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ساجد عباسی کی سیاسی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں حکومتی ٹیم کا حصہ بنانے کی منظوری دی۔ تاہم انہیں کون سی وزارت دی جائے گی، اس حوالے سے حتمی فیصلہ بعد میں متوقع ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین عوامی دست و بازو ساجد عباسی نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں سابق وزیراعظم اور سینئر سیاستدان سردار عتیق احمد خان کو اپ سیٹ شکست دے کر اہم سیاسی کامیابی حاصل کی تھی۔ ان کی اس کامیابی کے بعد سے انہیں نئی حکومتی تشکیل میں اہم ذمہ داری دیے جانے کی توقعات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔
ساجد عباسی کی ممکنہ حکومتی شمولیت پر عوامی دست و بازو اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ ان کے حامیوں اور سیاسی حلقوں نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی شمولیت سے آزاد کشمیر میں ترقیاتی عمل اور عوامی مسائل کے حل میں مزید پیش رفت ہوگی۔