واشنگٹن/تہران: امریکا اور ایران نے 60 روزہ جنگ بندی میں مزید توسیع پر اتفاق کرلیا ہے۔ ترک خبر ایجنسی کے مطابق دونوں فریقوں نے جنگ بندی میں توسیع پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے ثالثوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی توسیع کی مدت طے کرنے کیلئے باہمی پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔ موجودہ جنگ بندی کی مدت 17 اگست کو ختم ہونے والی ہے، تاہم دونوں ممالک نے اسے مزید آگے بڑھانے کیلئے اپنی آمادگی سے ثالثوں کو آگاہ کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن اور تہران نے 17 جون کو 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی قائم کرنے اور جنگ کے مستقل خاتمے کیلئے مذاکرات مکمل کرنے کیلئے 60 روز کی مدت مقرر کی گئی تھی۔
مفاہمتی یادداشت میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی برقرار رکھنے کے ساتھ آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کیلئے کھلا رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا تھا۔ تاہم یادداشت کی بعض اہم شقوں میں مبہم زبان کے باعث دونوں فریق ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔
ترک میڈیا کے مطابق جنگ بندی میں توسیع کا فیصلہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل کو جاری رکھنے کی کوششوں کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔