راولپنڈی(کیو این این ورلڈ) بلوچستان کے علاقے سوراب میں بارودی مواد سے بھری گاڑی تیار کرنے کے دوران دھماکے اور اس کے بعد سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ 18 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ واقعے میں 3 شہری بھی جاں بحق اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سوراب میں دہشتگرد بارودی مواد سے بھری گاڑی تیار کر رہے تھے کہ اس دوران دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے ذخیرہ کیے گئے دیگر بارودی مواد کے دھماکوں کے نتیجے میں قریبی علاقے میں موجود 3 شہری بھی جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کی تلاش کیلئے مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کردیا گیا۔
ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مختلف کارروائیوں میں اب تک فتنہ الہندوستان سے وابستہ مجموعی طور پر 18 دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظور کردہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔