شالیمار ایکسپریس کا روٹ تبدیل، 14 اگست سے ساہیوال کے راستے کراچی روانگی ہوگی

لاہور(کیو این این ورلڈ) پاکستان ریلوے نے لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کو 14 اگست سے دوبارہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق ٹرین سیلابی صورتحال کے باعث متاثرہ ریلوے پلوں کے سبب بند کی گئی تھی، تاہم اب اس کا روٹ تبدیل کرکے سروس بحال کی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق شالیمار ایکسپریس پہلے لاہور سے براستہ فیصل آباد کراچی جاتی تھی، تاہم قلعہ ستار شاہ اور مسن کالر ریلوے پل سیلابی پانی سے متاثر ہونے کے باعث ٹرین سروس معطل کردی گئی تھی۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ 14 اگست سے شالیمار ایکسپریس کو متبادل روٹ پر لاہور سے براستہ ساہیوال کراچی چلایا جائے گا۔ نئے روٹ کے باعث مسافروں کو مختلف اہم ریلوے اسٹیشنز پر سفر کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

حکام کے مطابق شالیمار ایکسپریس کو کوٹ لکھپت، رائے ونڈ، اوکاڑہ، ساہیوال اور صادق آباد ریلوے اسٹیشنز پر اسٹاپ دیے گئے ہیں۔

پاکستان ریلوے کے اس فیصلے سے لاہور، اوکاڑہ، ساہیوال اور دیگر علاقوں سے کراچی جانے والے مسافروں کو بین الاضلاعی سفر کیلئے ایک اہم ریل سہولت دوبارہ میسر آئے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے