اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر): ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، مثالی گاؤں پروگرام، ستھرا پنجاب اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک، ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج، ممبران صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا ربیرہ اور چوہدری جاوید علاؤالدین سمیت ضلعی انتظامیہ اور مختلف صوبائی و وفاقی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے پی ڈی پی پروگرام، مثالی گاؤں، ستھرا پنجاب اور مون سون سیزن کے دوران ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے کیے جانے والے انتظامات کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی۔
میاں محمد منیر نے کہا کہ پی ڈی پی پروگرام علاقائی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے، اس کے تحت جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیاری میٹریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو دیرپا اور معیاری سہولیات میسر آسکیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہ کی جائے۔
میاں محمد منیر نے ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے ستھرا پنجاب کی ٹیمیں اپنی سرگرمیاں تواتر کے ساتھ جاری رکھیں اور صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
انہوں نے ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے اختتام تک تمام حفاظتی اور ہنگامی انتظامات مکمل رکھے جائیں، حساس علاقوں کی نگرانی کی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کیلئے تمام ضروری وسائل دستیاب رکھے جائیں۔
ایم پی اے میاں محمد منیر نے مزید کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مؤثر بنانے کیلئے تمام سرکاری محکمے عوامی نمائندوں کے ساتھ رابطہ اور کوارڈینیشن کو مزید فروغ دیں تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا بروقت ازالہ اور حکومتی اقدامات کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچائے جا سکیں۔