اقلیتیں ملکی ترقی میں برابر کی شریک ہیں، حقوق کا تحفظ اہم ذمہ داری ہے: ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک

اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر ڈی سی آفس اوکاڑہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے مسیحی برادری کے نمائندوں کے ہمراہ کیک کاٹا۔ تقریب میں ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور مسیحی برادری کی اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مسیحی برادری کے نمائندوں نے اس پروقار تقریب کے انعقاد پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر اقلیتوں کا دن منایا جا رہا ہے۔ اقلیتیں ملکی ترقی اور خوشحالی میں برابر کی شریک ہیں اور وطنِ عزیز کی ترقی کے لیے ہم سب ایک اور یکجا ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذاہب اور اقلیتوں کی تفریق سے بالاتر ہو کر ملک کی خاطر محبت، رواداری اور بھائی چارے کو پروان چڑھانا ہوگا۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہماری اہم ترین ذمہ داری ہے اور حکومت پنجاب ان کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، بقا، امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے