کراچی (کیو این این ورلڈ): گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر پہیہ جام ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی، جبکہ وفاقی اور سندھ حکومت کے نمائندوں سے ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات کل پیر کو ہوں گے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان کے مطابق پاکستان بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور سندھ حکومت کے ساتھ پیر کو مذاکرات ہوں گے، جن میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سمیت وزارتِ پورٹ اینڈ شپنگ، خزانہ اور پٹرولیم کے نمائندے شریک ہوں گے۔
ملک شہزاد اعوان نے واضح کیا کہ ٹرانسپورٹرز صرف زبانی یقین دہانی پر ہڑتال ختم نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دسمبر میں ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران بھی یقین دہانیاں کرائی گئی تھیں، تاہم مطالبات پر عمل درآمد نہیں ہوا، اس لیے اس مرتبہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔
دوسری جانب آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن اور وفاقی وزیر پٹرولیم کے درمیان بھی مذاکرات پیر کو ہوں گے۔ ایسوسی ایشن کے صدر عابد اللہ آفریدی کے مطابق چار رکنی وفد وفاقی وزیر پٹرولیم سے اسلام آباد میں شام 5 بجے ملاقات کرے گا۔
عابد اللہ آفریدی نے کہا کہ مذاکرات میں مطالبات منظور ہونے کی صورت میں اجلاس کے بعد ہڑتال سے متعلق اعلان کیا جائے گا، جبکہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں آئل ٹینکرز کی جانب سے بھی ہڑتال کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔