اپر چترال میں طوفانی بارشیں، سڑکیں، پل، مکانات اور زرعی اراضی متاثر، پاک فوج کا ریسکیو آپریشن

اپر چترال (کیو این این ورلڈ): اپر چترال میں شدید اور مسلسل بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں سڑکیں، پل، مکانات اور زرعی اراضی متاثر ہوئی ہے، جبکہ سیلابی ریلوں کے باعث معمولاتِ زندگی بھی متاثر ہوئے۔ پاک فوج اور سکیورٹی فورسز نے متاثرہ علاقوں میں امدادی و ریسکیو کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اپر چترال کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کے بعد فلیش فلڈ کی صورتحال پیدا ہوئی، جس کے نتیجے میں سڑکوں اور پلوں کو نقصان پہنچا جبکہ کئی مقامات پر گھروں اور زرعی زمینوں میں مٹی اور ملبہ جمع ہوگیا۔ اس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

گھور کے مختلف علاقوں جگھور گول، شوٹ اور ہنجوگول میں سیلابی ریلوں سے سڑکیں، گلیاں، زرعی اراضی اور مکانات متاثر ہوئے۔ متعدد مقامات پر سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

بارشوں کے دوران فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے اہلکار متاثرہ علاقوں میں پہنچے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ سکیورٹی فورسز نے سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جبکہ ہیوی مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹا کر بند سڑکوں کو آمدورفت کے لیے بحال کیا گیا۔

مقامی افراد نے مشکل صورتحال میں بروقت امدادی کارروائیوں پر پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کا شکریہ ادا کیا۔ سکیورٹی فورسز کے مطابق قدرتی آفات سمیت ہر مشکل گھڑی میں عوام کی مدد اور امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے