گوجرہ (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار: چوہدری عبد الرحمن جٹ) نواں لاہور کو ماڈل ولیج بنانے اور عوام کو بنیادی سہولیات و حقوق کی فراہمی کے مطالبے کے لیے جماعت اسلامی کی "حق دو تحریک” کے تحت مین بازار نواں لاہور میں ایک عظیم الشان احتجاجی کیمپ منعقد کیا گیا، جس میں سینکڑوں مقامی شہریوں، تاجروں، نوجوانوں اور بچوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے مطالبات کی حمایت کا اظہار کیا۔
احتجاجی کیمپ کے مہمانِ خصوصی جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر رانا عبدالوحید تھے، جبکہ جماعت اسلامی ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی اعلیٰ قیادت نے بھی خصوصی شرکت کی۔ شرکاء میں ضلعی نائب امیر رحمت اللہ ارشد، ضلعی نائب امیر عثمان حیدر بھلی، زونل امیر محمود احمد عزمی اور امیر جماعت اسلامی نواں لاہور سیف الرحمن شامل تھے۔
اس موقع پر نواں لاہور کی متعدد سیاسی، سماجی اور عوامی شخصیات بھی موجود تھیں جنہوں نے تحریک کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے عوامی آواز کو تقویت دی۔ شرکاء میں عبدالصمد، ڈاکٹر اسد حمید، ملک اصغر ایڈووکیٹ، محمد خالد، حاجی افتخار، چوہدری جمیل حسین سمیت دیگر معززینِ علاقہ شریک ہوئے۔ حق دو تحریک کے سرگرم نوجوانوں ثاقب ٹیلر ماسٹر، قاسم دراز جھمٹ، ثاقب مطیع الرحمٰن اور دیگر کارکنان نے بھی کیمپ کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔
احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر رانا عبدالوحید اور دیگر مقررین نے کہا کہ نواں لاہور کے عوام کو طویل عرصے سے بنیادی حقوق اور ضروری سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواں لاہور کو ماڈل ولیج بنانا یہاں کے رہائشیوں کا بنیادی حق ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی حقوق کے حصول کے لیے جاری تحریک کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور نواں لاہور کی ترقی کے لیے ہر ممکن جدوجہد کی جائے گی اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
احتجاجی کیمپ کے اختتام پر شرکاء اور جماعت اسلامی کی قیادت نے مشترکہ طور پر اپنے مطالبات کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ نواں لاہور کے عوام کے حقوق کے حصول اور علاقے کی ترقی کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ شرکاء نے پرجوش انداز میں نعرہ لگایا: "ان شاء اللہ ہم اپنے حقوق لے کر رہیں گے۔”