لنڈی کوتل میں جدید انڈور سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا مطالبہ

لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار):ڈسٹرکٹ خیبر ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر نصیب شاہ شینواری نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا ہے کہ لنڈی کوتل میں جدید انڈور سپورٹس جمنازیم کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ لنڈی کوتل میں انڈور سپورٹس کمپلیکس کی عدم موجودگی کے باعث ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، والی بال، کراٹے اور دیگر انڈور کھیلوں سے وابستہ کھلاڑی شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مناسب سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے نوجوانوں کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے اور ان کی کھیلوں کی صلاحیتیں متاثر ہو رہی ہیں۔

نصیب شاہ شینواری کا کہنا تھا کہ اگر لنڈی کوتل میں جدید طرز کا انڈور سپورٹس جمنازیم تعمیر کیا جائے تو مقامی کھلاڑیوں کو معیاری تربیتی ماحول میسر آئے گا، جبکہ ضلعی، صوبائی اور قومی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکتا ہے، جس سے معاشرتی ترقی اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلع خیبر کے باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے جدید کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے حکومتِ خیبر پختونخوا سے اپیل کی کہ ضلع خیبر کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے لنڈی کوتل میں انڈور سپورٹس سہولت کی تعمیر کے منصوبے پر جلد از جلد عملی کام شروع کیا جائے تاکہ مقامی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے