عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، اوگرا یومیہ بنیاد پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا فیصلہ کرے گا: علی پرویز ملک

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے حکومت کے ایک بڑے اور اہم فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گی۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی حالیہ کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث ایک بار پھر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے پوری دنیا میں توانائی کی قیمتیں دوبارہ بڑھنا شروع ہو گئی ہیں اور پاکستان بھی اس سے متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے عالمی مارکیٹ کی سنگین صورتحال کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ خطے میں ایک بار پھر باقاعدہ جنگ ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے، جس کے باعث گزشتہ چند دنوں کے دوران ڈیزل کی قیمت میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ عالمی منڈی میں ڈیزل کی قیمت دیکھتے ہی دیکھتے 110 ڈالر سے بڑھ کر 140 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے، جو کہ ایک بڑا اضافہ ہے۔

وفاقی وزیر نے عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے بے پناہ تحمل کے ساتھ اس معاشی تکلیف کو جھیلا۔ حکومت کی جانب سے غریب طبقے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کا پروگرام مسلسل جاری ہے، لیکن اس کے باوجود عوام میں اس مہنگائی کی تکلیف موجود ہے۔ اسی تناظر میں کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اوگرا یومیہ بنیاد پر عالمی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھ کر قیمتوں کا فیصلہ کرے گا اور روزانہ کی قیمتیں اوگرا کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی اور کاربن سپورٹ لیوی کی سطح کو پہلے ہی سے کم رکھا گیا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران علی پرویز ملک نے مزید بتایا کہ وزیراعظم اور وفاقی حکومت نے اب تک 130 ارب روپے کے بھاری وسائل استعمال کر کے عوام کو براہِ راست معاشی سہارا دینے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ اب نئی پالیسی کے تحت اوگرا روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا جو بھی تعین کرے گا، اسے شفاف طریقے سے عوام کے سامنے رکھا جائے گا تاکہ عالمی منڈی کے اثرات کو فوری اور متوازن انداز میں مینیج کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے