فٹبال ورلڈکپ 2026: اسپین یا ارجنٹینا؟ اتوار کو فائنل جیتنے والی ٹیم کو چیمپئن شپ رنگز دینے کا تاریخی اعلان

نیویارک (کیو این این ورلڈ) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے فٹبال کی تاریخ میں پہلی بار ایک منفرد اور بڑا اعلان کیا ہے، جس کے تحت فیفا ورلڈکپ 2026 کے فاتح کو روایتی چمکتی ٹرافی اور گولڈ میڈلز کے ساتھ ساتھ اب خصوصی چیمپئن شپ رنگز (انگوٹھیاں) بھی پیش کی جائیں گی۔ یہ کسی بھی فیفا مقابلے کی تاریخ میں پہلا موقع ہوگا کہ فاتح ٹیم کو امریکی کھیلوں کی معروف اور تاریخی روایت کے مطابق یہ قیمتی انگوٹھیاں دی جا رہی ہیں۔

فیفا کے مطابق موجودہ ورلڈ کپ کی مناسبت سے ان خصوصی رنگز کی مجموعی تعداد 2026 رکھی گئی ہے۔ ان میں سے 30 انتہائی قیمتی اور اصل رنگز ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے مخصوص ہوں گی، جبکہ باقی بچنے والی 1996 انگوٹھیاں دنیا بھر کے فٹبال شائقین کے لیے آفیشل لائسنس یافتہ مصنوعات کے طور پر فروخت کے لیے پیش کی جائیں گی تاکہ مداح اس تاریخی لمحے کو یادگار بنا سکیں۔

انگوٹھیوں کے منفرد ڈیزائن کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہر رنگ کے ایک جانب فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کا خوبصورت ڈیزائن کندہ ہوگا جبکہ دوسری جانب فائنل جیتنے والی ٹیم کی باقاعدہ شناخت نمایاں کی جائے گی۔ ہر انگوٹھی پر ایک منفرد نمبر اور سرٹیفکیٹ آف آتھنٹیسٹی (اصل ہونے کی سند) موجود ہوگی، جبکہ یہ تمام انگوٹھیاں کھلاڑیوں کی انگلیوں کے خصوصی سائز کے مطابق ہی تیار کی جائیں گی۔

فیفا کے باقاعدہ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ 19 جولائی کو ہونے والے فائنل میچ کے فوراً بعد گراؤنڈ میں فاتح ٹیم کے کپتان اور ہیڈ کوچ کو یادگاری طور پر عارضی رنگز پہنائی جائیں گی، جبکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے تیار کی جانے والی تمام 30 مستقل انگوٹھیاں بعد میں تمام تکنیکی نکات مکمل کر کے ایک پروقار اور خصوصی تقریب میں باضابطہ طور پر کھلاڑیوں کے حوالے کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا یہ بڑا اور تاریخی فائنل معرکہ 19 جولائی اتوار کے روز نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں فٹبال کی دو بڑی عالمی طاقتوں اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جائے گا، جس میں اب روایتی ٹرافی کے ساتھ ساتھ انگوٹھیوں کا یہ نیا اعزاز بھی داؤ پر ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے