ٹائیں ڈھلکوٹ: تنویر الیاس کے قافلے پر قاتلانہ حملہ، سیکیورٹی گارڈ جاں بحق، متعدد زخمی

مظفر آباد (کیو این این ورلڈ) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے قافلے پر ٹائیں ڈھلکوٹ کے مقام پر نامعلوم افراد کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی انتہائی افسوسناک اطلاع موصول ہوئی ہے۔ فائرنگ کے اس ہولناک واقعے کے نتیجے میں سابق وزیراعظم کا ایک سیکیورٹی گارڈ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دیگر متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ڈی آئی جی آزاد کشمیر راجہ اکمل نے سابق وزیراعظم تنویر الیاس کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے واقعے کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حملے کے دوران سیکیورٹی پر مامور اہلکار جاں بحق ہوا ہے جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آزاد کشمیر کے مطابق پولیس فورس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور واقعے کی مزید باریک بینی سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کو سبوتاژ کرنے اور قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے