رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار لیاقت علی چوہدری) رینالہ خورد کے علاقے شوکت آباد موڑ کے قریب گھریلو ناچاقی کے پس منظر میں دل دہلا دینے والا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں مبینہ طور پر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھانے والے والد محمد عارف اور ان کے دو کمسن بیٹے، سبحان علی اور فرحان، دورانِ علاج جاں بحق ہو گئے۔
واقعے کے فوراً بعد تینوں کو انتہائی تشویشناک حالت میں ریسکیو الیون ٹو ٹو کے ذریعے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ جہاں ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ان کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال اوکاڑہ ریفر کیا گیا، مگر وہ زخموں اور زہر کے اثر کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکے۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اور قانونی کارروائی سمیت مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجوہات اور حقائق مکمل تفتیش اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ہی سامنے لائے جائیں گے۔