اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک کی زیر صدارت ضلعی افسران کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں عوامی خدمات کی فراہمی، انتظامی امور اور گڈ گورننس کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ عوامی خدمت سرکاری افسران کی اولین ذمہ داری ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی فلاح و بہبود اور گڈ گورننس کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے فیلڈ میں جا کر عوامی مسائل کا جائزہ لیں اور ان کے فوری حل کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پبلک سروس ڈلیوری کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور تیز رفتار بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت سہولیات میسر آسکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ محنت، دیانتداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے بچاتے ہوئے موقع پر ریلیف فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل کیا جائے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے ڈپٹی کمشنر آفس کی مختلف برانچوں کا دورہ کیا اور وہاں جاری امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پبلک سروس ڈلیوری کے نظام کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور برانچ انچارجز کو ہدایت کی کہ سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور انہیں بروقت ریلیف فراہم کیا جائے۔
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر نے اپنے دفتر میں آنے والے سائلین سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے مختلف درخواستوں پر فوری کارروائی کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر ہی احکامات جاری کیے اور شہریوں کے مسائل کے جلد از جلد حل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد کی بحالی اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے مؤثر اور جوابدہ نظام ناگزیر ہے۔