آبنائے ہرمز پر امریکی دباؤ میں اضافہ، ایران سے فوری عوامی اعلان کا مطالبہ
امریکا نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملے بند کرنے اور ٹول ٹیکس وصول نہ کرنے کا عوامی سطح پر واضح اعلان کرے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایسے اعلان سے بین الاقوامی بحری تجارت کے تحفظ اور خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے اس مطالبے پر عمل نہ کیا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے ممکنہ اقدامات یا نتائج کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
امریکی حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان ہونے والے رابطے اور مذاکرات نتیجہ خیز رہے ہیں، لیکن ایران کی جانب سے جوہری تنصیبات تک رسائی نہ دینے کی صورت میں امریکا کے پاس عسکری سمیت دیگر آپشنز موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مطلوبہ جوہری پیش رفت حاصل نہ ہوئی تو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کا امکان نہیں ہوگا۔
امریکی عہدیدار نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران نے واشنگٹن کو آگاہ کیا ہے کہ حالیہ بحری حملے ایرانی نظام کے سخت گیر عناصر کی کارروائیوں کے باعث ہوئے۔ تاہم ایران کی جانب سے اس دعوے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔